اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اتنی بڑی کمیونٹی کی توقعات پر پورا اترنا مشکل ہے لیکن جن کے ویزے ختم ہوگئے ہمارا سفارتخانہ ترجیحی بنیادوں پر ان کی معاونت کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی سے ویڈیو لنک پر ٹاون ہال اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے خطاب کے دوران کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ہماری1.6ملین کمیونٹی ہے اور اتنی بڑی کمیونٹی کی توقعات پر پورا اترنا مشکل کام ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستنایوں نے ہر مشکل وقت میں ملک کی مدد کی ہے اسی لیے اوور سیز پاکستانیوں کے جائز مطالبات کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ نے اس کٹھن گھڑی میں تندہی سے کام کیا ہے، آپ نے 196 پاکستانیوں کےلیے فری ٹکٹس دئیے ہیں جو بہت احسن اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے استحکام میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بڑا حصہ ہے، ہماری درآمدات کرونا کی وجہ سے بہت کم ہوچکی ہیں لیکن پھر بھی زرمبادلہ کےحوالے سے ابھی ہمیں توقعات وابستہ ہیں۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک میں پاکستانی بہت بڑی تعداد میں مقیم ہیں، اوورسیز خون پسینہ بہا کر زرمبادلہ بھجوا رہے ہیں، معیشت کو سہارا دیے ہوئے ہیں، کرونا کی وجہ سے بہت سے پاکستانیوں کو واپس بھجوایا جارہا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ واپسی کے منتظر پاکستانی یو اے ای میں ہیں، افسوس ہے کہ ان پاکستانیوں کو ہوائی ٹکٹس کی مد میں اضافی چارج کیا جارہا ہے، ان عناصر کی نشاندہی کیجیے جو ٹکٹس کی مد میں اوور چارج کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ جن کے ویزے ختم ہوگئے ہمارا سفارتخانہ ترجیحی بنیاد پر ان کی معاونت کررہا ہے۔