اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں،اس بات کی تصدیق
ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کی۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا کو بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے خود کو اپنے گھر میں آئیسولیٹ کرلیا ہے۔
شاہد خاقان عباسی اگلے چودہ روز تک اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ میں رہیں گے اور اس دوران وہ کسی قسم کی کوئی سیاسی سرگرمی حصہ نہیں لیں گے۔
اس حوالے سے ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی تھی، انہوں نے کورنا ٹیسٹ کیلیے اپنے نمونے لیبارٹری میں دے دیئے اس کے علاوہ دیگر رہنماؤں شہباز شریف، احسن اقبال اور رانا ثنااللہ نے ٹیسٹ کیلئے بھی نمونے دے دیے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر انجینئرامیر مقام میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، ن لیگی رہنما نہال ہاشمی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما عطا اللہ تارڑ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شاہین رضا پہلی سیاستدان ہیں جن کا کووڈ 19 کے باعث انتقال ہوا، سندھ کے صوبائی وزیر برائے انسانی بستی مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے تھے۔
یاد رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے22 ہزار650 ٹیسٹ ہوئے جس دوران 4 ہزار 728 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس طرح ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار671 ہوگئی جن میں سے 34 ہزار 355مریضوں نے اس وائرس کو شکست دے دی ہے۔