اشتہار

پاکستان میں جولائی کے آخر میں کرونا کیسز عروج پر ہوں گے، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جولائی کے آخر اور اگست میں کرونا کے کیسز عروج پر ہوں گے، ہم سب احتیاط کریں تو پاکستان تباہی سے بچ جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کرونا کی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیر ترین ملکوں میں کرونا کی وجہ سے تباہی آئی، عوام نے احتیاط نہ کی تو بہت مشکل وقت آنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ کرونا وائرس ختم ہوجائے گا، لاک ڈاؤن سے کرونا وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ کم ہوجاتا ہے، جہاں زیادہ لوگ جمع ہوتے ہیں وہاں وائرس تیزی سے پھیلتا ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے محنت کش، غریب لوگ مشکل وقت سے گزرے۔

- Advertisement -

وزیراعظم نے کہا کہ امیرممالک نے بھی فیصلہ کیا لاک ڈاؤن اس کا مستقل حل نہیں، امریکا جیسے ملک میں ایک لاکھ سے زائد لوگ کرونا سے مر چکے ہیں، امریکا میں بھی لاک ڈاؤن میں ایس او پیز کے ساتھ نرمی کی گئی ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد کرکے ہی کاروبار کو بھی چلایا جاسکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کرونا پھیلے گا مگر ہم اس کی رفتار کم رکھنا چاہتے ہیں، کوشش ہے پاکستان میں کرونا تیزی کے بجائے آہستہ سے اوپر جائے، کرونا کی رفتار کم کرنے کی وجہ ہمارے صحت کے نظام کو بہتر بنانا ہے، کرونا کی رفتار کم نہ ہوئی تو صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ڈھائی ماہ میں کرونا کی صورتحال قابو میں رہے، کرونا کی وجہ سے مختلف امراض کے لوگوں کو خطرہ ہے، بے احتیاطی کی تو سب کی زندگی اور ملک کو خطرے میں ڈالیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں