لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے دورہ انگلینڈ کے لیے یونس خان کو قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا، مشتاق احمد اسپن بولنگ کوچ کی حیثیت سے دورہ انگلینڈ پر ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے، یونس خان نے پی سی بی کے فیصلے پر رضا مندی ظاہر کردی۔ دورے کے موقع پر مشتاق احمد اسپن بولنگ کوچ کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ خوشی ہے یونس خان جیسے شاندار کرکٹر نے کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی، مشتاق احمد کئی کھلاڑیوں کے لیے مینٹور کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد انگلش کنڈیشنز سے واقف ہیں، ایک اثاثہ ثابت ہوں گے۔
مصباح کو دہری ذمہ داری دے کر کھلاڑیوں کا کام آسان کیا گیا، یونس خان
دوسری جانب یونس خان کا اپنے تازہ بیان میں کہنا تھا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، انگلینڈ کے مشکل دورے میں ملک کی نمائندگی میرے لیے اعزاز ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ یونس خان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھار نے میں اہم کردار ادا کریں گے، انگلینڈ کے خلاف سیریز مشکل ہوگی، صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرنا ہوگا، مشتاق احمد کئی ممالک کی کوچنگ کرچکے ہیں، تجربہ کار ہیں۔