کابل: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے، جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ افغانستان کے دارلحکومت کابل پہنچ گئے، اس دورے میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے افغان صدراشرف غنی سےملاقات کی ، ملاقات میں امن وامان کی صورتحال، سرحدی امور اور دو طرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کے افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی ملاقات میں شریک تھے۔
یاد رہے گزشتہ روز امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سےملاقات کی تھی ، جس میں افغان مفاہمتی عمل اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ملاقات میں افغان امن عمل میں اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا گیا جبکہ مشترکہ اہداف کے حصول کیلیےمل کر کام جاری رکھنے پربھی اتفاق کیا گیا۔
خیال رہے رواں سال فروری کے اختتام پر امریکا اور طالبان کے درمیان تاریخی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، امن معاہدہ 4نکات پر مشتمل تھا، معاہدے کے مطابق امریکا14ماہ میں افغانستان سے تمام فوجی واپس بلالے گا، افغان سرزمین امریکا اور اتحادیوں پر حملے کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق امریکا افغانستان کی علاقائی سالمیت کیخلاف طاقت کے استعمال سے بھی باز رہے گا، امریکا معاہدے کے 135دن کے اندر فوجیوں کی تعداد 8600 تک لائے گا۔