امریکا میں سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کے قتل کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کئی پوسٹس اور ویڈیوز میں ایک منظر دکھایا جا رہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ یہ دی سمپسنز سے لیا گیا ہے اور دیگر کئی واقعات کی طرح سمپسنز نے جارج فلائیڈ کے قتل اور اس کے نتیجے میں ہونے والے مظاہروں کی بھی پیشنگوئی کردی تھی، تاہم اب اس منظر کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔
مشہور ٹی وی کارٹون سیریز دی سمپسنز کو دنیا بھر میں دیکھا اور پسند کیا جاتا ہے لیکن حال ہی میں یہ کچھ متنازعہ اور کسی حد تک خوفزدہ کردینے والی سیریز بن گئی جس میں دکھائے گئے مناظر حقیقت بن رہے ہیں۔
دی سمپسنز کے کچھ ویڈیو کلپس گزشتہ 2 ماہ میں بے حد وائرل ہوئے ہیں جس میں کرونا وائرس کے پھیلنے اور امریکا و یورپ کے قاتل مکھیوں سے متاثر ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی، اس سے قبل اس سیریز میں ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا کا صدر بننے کی بھی پیشنگوئی کی گئی تھی۔
- Advertisement -
اب گزشتہ چند روز سے دی سمپسنز کے نام سے ایک اور منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں کارٹون کا ایک کردار ایک سیاہ فام شخص کی گردن پر گھٹنا رکھے دکھائی دیتا ہے جبکہ ایک اور کردار ایک بینر اٹھائے کھڑی ہے جس پر جسٹس فار جارج کے الفاظ درج ہیں۔
یہ بالکل وہی واقعات ہیں جو چند روز قبل امریکا میں پیش آئے جب 4 پولیس اہلکاروں نے ایک سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کو پکڑا اور ایک اہلکار اس کی گردن پر گھٹنا رکھ کر کھڑا ہوگیا۔
پولیس اہلکار کی اس حرکت سے جارج فلائیڈ دم گھٹنے سے مرگیا جس کے بعد پورا امریکا پرتشدد مظاہروں کی زد میں آگیا۔
دی سمپسنز کے اس منظر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کہا جارہا ہے کہ اس کارٹون سیریز میں اس تمام منظر نامے کی بھی پیشنگوئی کردی گئی تھی تاہم جلد ہی علم ہوا کہ یہ منظر ایک مصور کا تخلیق کردہ ہے۔
اٹلی سے تعلق رکھنے والے مصور یوری پومو نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ یہ ڈرائنگ انہی کی بنائی ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اکثر و بیشتر دی سمپسنز کی تھیم پر مختلف واقعات کی منظر کشی کرتے رہتے ہیں جن کا مقصد اس کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو کچھ ہم دیکھ رہے ہیں وہ حقیقت ہے، اور نہایت خوفناک ہے۔