ووہان: چین کے ایک شہری نے اپنے پالتو کتے کے سامنے پانی میں کود کر خودکشی کرلی جس کے بعد کتا اُسی مقام پر کئی روز تک بیٹھ کر اپنے مالک کا انتظار کرتا رہا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کے شہر ووہان میں دریا پر قائم یانگ ژی پُل پر ایک شہری آیا اور پھر اُس نے اپنے کتے کے سامنے خودکشی کی غرض سے پانی میں چھلانگ لگا دی۔
رپورٹ کے مطابق وفادار کتا چار روز تک اُسی مقام پر بیٹھ کر اپنے مالک کا انتظار کرتا رہا، اس دوران مقامی لوگوں نے اُسے وہاں سے بھگانے کی بھی کوشش کی مگر وہ اپنی جگہ سے نہیں ہٹا۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کتا دریا میں دیکھ رہا تھا اور اپنے مالک کی واپسی کا منتظر تھا۔
پولیس کے مطابق خودکشی کا واقعہ تیس مئی جمعے کے روز پیش آیا، دریا میں چھلانگ لگانے والے شخص کی لاش کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد پانی سے نکال لی گئی مگر اُس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
پُل پر سے گزرنے والے ایک شہری نے کتے کی تصاویر بنا کر انہیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیا۔ انٹرنیٹ صارفین نے یہ تصاویر دیکھیں تو انہوں نے افسوس کا اظہار کیا اور کتے کی وفاداری پر رشک کیا۔
تصویر شیئر کرنے والے شخص نے لکھا کہ ’کتے کی معصومیت نے مجھے جھنجھوڑ کر رکھ دیا، جب میں نے یہ تصاویر اپنے دوستوں کو دکھائیں تو وہ بھی بہت غمزدہ ہوئے‘۔
چین کے شہر ووہان میں جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے ڈائریکٹر ڈو فین کا کہنا تھا کہ ’مرنے والے شخص کی خوش قسمتی تھی کہ اُس کے پاس اتنا وفادار کتا موجود تھا جو اپنے مالک کا منتظر رہا‘۔ مذکورہ تنظیم نے کتے کو تحویل میں لے کر اسے جانوروں کے مرکز منتقل کردیا۔