اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے بجٹ سے قبل وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں مشیرخزانہ حفیظ شیخ بجٹ اخراجات، بجٹ خسارہ اور ریلیف پیکج پربریفنگ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا، وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعہ 12 جون کو بجٹ سے پہلے ہوگا۔
اجلاس میں کابینہ کو مشیرخزانہ حفیظ شیخ بجٹ اخراجات،محصولات ہدف، بجٹ خسارہ ،ریلیف پیکج پربریفنگ دیں گے جبکہ وزیر اعظم مجموعی صورتحال پربات کریں گے۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں بجٹ تجاویزپرصوبوں سےرائےلی جائےگی اور آئندہ مالی سال کاترقیاتی بجٹ منظوری کے لیے پیش کیاجائےگا جبکہ نئے مالی سال کے لیے اقتصادی ترقی کا ہدف مقرر کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس جاری
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے جی ڈی پی کا ہدف 2.3 فیصد تجویز کیا گیا ہے جبکہ پی ایس ڈی پی میں انفراسٹرکچر کیلئے 59 فیصد رکھنے کی تجویز دیئے جانے کاامکان ہے اور سوشل سیکٹر 35 اور دیگر شعبوں میں 6 فیصد فنڈز استعمال ہوسکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو رواں سال کورونا وباء کے باعث 2500 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا،ملکی معیشت کا حجم 440 کھرب سے سکڑ کر 415 کھرب تک رہ گیا،رواں سال جی ڈی پی گروتھ 3 فیصد ہدف کے مقابلے میں منفی 0.4رہی۔
آئندہ مالی سال زراعت کا ہدف 2.9 فی صد ، بڑی فصلوں کا ہدف 2.2 فی صد مقرر ہونے کاامکان ہے جبکہ کپاس میں شرح نمو کا ہدف 1.3 فی صد ، لائیو اسٹاک میں شرح نمو کا ہدف 3.5 فیصد، صنعت میں شرح نمو کا ہدف 0.1 فی صد مقرر کیا جائے گا اور پیداواری شعبہ میں شرح نمو کا ہدف منفی 0.7 فی صد مقرر کی گئی ہے۔