جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

جہانگیر ترین سمیت شوگر ملز مالکان نے انکوائری رپورٹ کو چیلنج کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چینی کی قیمتوں میں اضافے پرانکوائری کمیشن کی رپورٹ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین سمیت شوگر ملز ایسوسی ایشن نے انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو اسلام آبادہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے رپورٹ کو کالعدم قرار دینے اور حکومت کو ممکنہ کارروائی سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواست کل اسلام آبادہائی کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کےچیف جسٹس اطہرمن اللہ کیس کی سماعت کریں گے۔

- Advertisement -

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیشن نے رپورٹ کی تیاری میں اپنےآئینی اختیار سے تجاوز کیا، انکوائری کاعمل متعصب، امتیازی اور غیرقانونی ہے۔

جہانگیر ترین سمیت 16ملز مالکان نے انکوائری رپورٹ کو چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ کالعدم قرار دی جائے اور حکومت کو کارروائی سے روکا جائے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر آٹے اور چینی بحران کی انکوائری رپورٹ جاری کی جا چکی ہے، رپورٹ ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیا نے تیار کی، اس رپورٹ میں جہانگیر ترین، مونس الہی اور خسرو بختیار کے رشتے دار کے نام سمیت کئی نامور سیاسی خاندانوں کے نام شامل ہیں، رپورٹ پبلک کرنے سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے اس کا خود جائزہ لیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے پر مزید ایکشن ہوگا، کمیشن کی رپورٹ کے بعد جو بھی ملوث ہوا قانون کے تحت اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں