لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتباہ جاری کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کے گراؤنڈ میں پریکٹس پر پابندی کے باوجود بابراعظم، امام الحق اور پیسر نسیم شاہ لاہور کے عبدالقادر کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرتے ہوئے پائے گئے تھے۔
کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے بغیر ٹریننگ کرنے والے کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور پی سی بی سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
پی سی بی نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تینوں کھلاڑیوں کو متنبہ کرتے ہوئے آئندہ ایسا عمل کرنے سے روک دیا ہے اور سختی سے ایس او پیز کو فالو کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر سمی برنی کا کہنا ہے کہ بورڈ نے پہلے بھی واضح ہدایات دی تھیں کہ کورونا وبا کی صورتحال کے دوران گراؤنڈز میں ٹریننگ پر پابندی ہوگی اور اب بھی دو ٹوک اور صاف الفاظ میں ہدایات دی گئی ہیں سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے کرونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ منسوخ کردیا ہے، دورہ انگلینڈ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں حصہ لینا تھا۔
قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی میں بھی تاخیر ہوسکتی ہے، پی سی بی جولائی کے اوائل میں ٹیم کی روانگی پر انگلینڈ بورڈ سے رابطے میں ہے۔دورہ انگلینڈ سے قبل ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کا کرونا ٹیسٹ بھی لیا جائے گا۔