ہفتہ, جنوری 11, 2025
اشتہار

بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے: وزیر خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور کرونا وائرس کے خلاف اقدامات پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلق ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

- Advertisement -

دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا۔ وزیر اعظم، وفاقی وزیر حماد اظہر اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ٹیکس فری بجٹ پر بھی تنقید برائے تنقید زیب نہیں دیتی، بجٹ میں ترجیحات کا درست تعین کیا گیا ہے۔ موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور اور ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فعال ہوجائے گا۔ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، کئی برس تک انہیں کھوکھلے نعروں کے ذریعے بہلایا گیا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے نام پر فنڈز اپنے حلقوں پر لگائے، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت الزامات کی آڑ میں خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، شہری آبادی پر حملے کے واقعات نہایت قابل مذمت ہیں۔ بھارت بزدلانہ کارروائیاں کر کے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی اقدامات کر کے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف ملے گا، سیکرٹریٹ کے قیام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر کے سفاکیت کی تاریخ رقم کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں