میلبورن: آسٹریلوی ریاست وکٹوریا کے بڑے اور گنجان آباد شہر میلبورن کی سڑکیں پاکستانی کرکٹرز کے نام کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق میلبورن میں ایک نئے ہاؤسنگ اسٹیٹ کی سڑکیں دنیائے کرکٹ کے بڑے کھلاڑیوں کے نام کی گئی ہیں، جن میں پاکستان کے لیجنڈ کرکٹرز بھی شامل ہیں۔
جن پاکستانی کرکٹرز کے نام سڑکوں کو دیے گئے ہیں ان میں عمران خان، وسیم اکرم، انضمام الحق، جاوید میاں داد اور شعیب اختر شامل ہیں۔
یہ سڑکیں ملٹن سٹی کونسل کے راک بینک مضافات میں واقع ہیں، پراپرٹی ڈیولپر ورون شرما نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے سڑکوں کے نام کھلاڑیوں سے منسوب کیے تو لوگوں کی اس پروجیکٹ میں دل چسپی دگنی ہو گئی، ملٹن سٹی کی میئر لارا کارلی نے بھی اس پروجیکٹ پر خوشی کا اظہار کیا۔
گولڈن ڈک : وقار یونس کا سدھو کے حوالے سے دلچسپ انکشاف
ورون شرما کا کہنا تھا کہ کون کوہلی کریسنٹ میں رہنا نہ چاہے گا، کسی کو کیا خبر کہ دسمبر میں جب انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی میلبورن میں ہوں گے تو وہ اس سڑک سے بھی گزریں۔
ان سڑکوں کے نام اس طرح رکھیں گئے ہیں: خان اسٹریٹ، اکرم وے، ہیڈلی اسٹریٹ، ٹنڈولکر ڈرائیو، اختر ایونیو، انضمام اسٹریٹ، کوہلی کریسنٹ، سوبرز ڈرائیو اور دیو ٹیرس وغیرہ۔
میئر لارا کارلی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے شہر میں سڑکوں کے نام عموماً ڈیولپرز جمع کراتے ہیں جنھیں کونسل منظور کر لیتی ہے، ہمارے معاشرے میں کرکٹ تھیم مقبول ہے، یہاں رہنے والوں کو اس پر فخر ہوگا۔