اسلام آباد: وفاقی حکومت کی ہدایت پر پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کی 60 سے زیادہ پروازیں پاکستان کے لئے شیڈول کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں، سعودی عرب و خلیجی ممالک کے لیے خصوصی ریلیف پروازوں کے ساتھ ساتھ اب نجی ایئرلائنز کو بھی پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔
حکومت کی ہدایت پر پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کی 60 سے زیادہ پروازیں پاکستان کے لئے شیڈول کر دی گئی ہیں، پی آئی اے سمیت دیگر غیر ملکی ایئر لائنز ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر لینڈ کریں گی۔
بیرون ممالک میں یورپ اور خلیجی ممالک کے روٹس کی خصوصی پروازیں آپریٹ ہوں گی، خصوصی پروازیں 16 تا 20 جون 5 روز کے لئے شیڈول کی گئی ہیں۔
کورونا وبا کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں امریکا، یورپ اور خلیجی ممالک میں پاکساتنی وطن واپسی کے منتظر ہیں جنہیں واپس لانے کے لیے حکومت خصوصی انتظامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کے لئے گرین سگنل دے دیا اور اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مرحلہ وار انٹرنیشنل فلائٹس بحال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی۔