جمعرات, مئی 16, 2024
اشتہار

ذہنی دباؤ کا شکار شخص نے اپنی 3 ماہ کی بیٹی کو قتل کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارت میں مقیم ایک نائجیرین شخص نے اپنی 3 ماہ کی بیٹی کو کھڑکی سے نیچے پھینک کر مار ڈالا، پولیس نے اسے قتل کے مقدمے میں گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 30 سالہ نائجیرین اوزیوما ڈیکلین اپنی بیوی جولی کے ساتھ دسمبر 2018 سے بھارتی شہر گریٹر نوئیڈا میں مقیم تھا اور 3 ماہ قبل ان کے یہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

ملزم مقامی سیلونز اور بیوٹی پارلرز سے بال اکٹھے کرتا تھا اور انہیں وگ بنانے والی نائجیرین کمپنیوں کو فروخت کرتا تھا تاہم مارچ کے آخری ہفتے سے لاک ڈاؤن کے باعث تمام سیلونز اور بیوٹی پارلرز بند تھے اور ملزم سخت معاشی تنگی اور ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔

- Advertisement -

پولیس کے مطابق اس نے 2 ماہ سے اپنے گھر کا کرایہ بھی نہیں دیا تھا۔

وقوعے کے روز ملزم اپنی بیٹی کے رونے کی آواز سے اٹھا اور سخت جھنجھلاہٹ کا شکار ہوگیا، اس نے پہلے بیٹی کو اٹھا کر فرش پر پٹخا، پھر دوبارہ اسے اٹھا کر دوسری منزل کی کھڑکی سے نیچے پھینک دیا۔

ملزم کی بیوی اور پڑوسیوں نے بچی کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔

اس کی بیوی جولی نے پولیس کو بتایا کہ جب سے اس کا شوہر معاشی پریشانی کا شکار تھا اس کا رویہ روز بروز خراب ہوتا جارہا تھا، حتیٰ کہ اس کی بیوی جولی اس سے خوف کھانے لگی تھی تاہم اسے یہ اندازہ نہیں تھا کہ وہ اس قدر سفاک ثابت ہوگا کہ اپنی 3 ماہ کی بیٹی کے ساتھ ایسا سلوک کرے گا۔

پولیس نے ملزم کو فوری طور پر اس کے گھر سے گرفتار کرلیا، ملزم کا مؤقف تھا کہ اس نے ذہنی دباؤ میں بغیر سوچے سمجھے یہ قدم اٹھایا ہے۔

پولیس نے ملزم پر قتل کی دفعات عائد کی ہیں جبکہ نائجیرین سفارتخانے کو بھی معاملے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں