لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں 5 ارب کا اضافہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اٹک، راولپنڈی اور جہلم کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں 5 ارب کا اضافہ کیا،کرونا کی وجہ سے ترقیاتی عمل کی رفتار کو متاثر نہیں ہونے دیں گے، پنجاب کے ہر شہر تک ترقی کے ثمرات یکساں پہنچیں گے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ زیرتکمیل ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کرایا جائےگا،ترقیاتی منصوبوں کے لیے عوامی نمائندوں کی تجاویز کو اہمیت دی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا،ساڑھے 11ارب لاگت سے نئے مدراینڈ چائلڈ اسپتال قائم ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 196بنیادی مراکز صحت میں سہولتوں کی فراہمی کے لیے ایک ارب مختص کیے،32 ارب سے فراہمی ونکاسی آب،واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ،دیگر منصوبے مکمل ہوں گے۔
سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کےنام پر دھوکا دیا،عثمان بزدار
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کےنام پر دھوکا دیا۔