لاہور: مریض کو آکسیجن نہ ملنے پر جناح اسپتال لاہور میں انتظامیہ اور مریض کے رشتہ داروں میں شدید لڑائی ہو گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مریض کو آکسیجن نہ ملنے جناح اسپتال لاہور میں انتظامیہ اور مریض کے ساتھ آنے والے افراد کے درمیان شدید لڑائی ہو گئی، جھگڑے کے دوران ڈنڈوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔
جناح اسپتال میں لڑائی کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی ہے، جس کے مطابق جھگڑا ایم ایس جناح اسپتال کے دفتر کے باہر ہوا، فوٹیج میں دیکھا گیا کہ انتظامیہ اور لواحقین میں ڈنڈوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔
اسپتال میں لڑائی کے باعث مریضوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، واضح رہے کہ کرونا وائرس مریضوں کے سبب ملک بھر کے اسپتالوں کو آکسیجن اور وینٹی لیٹرز کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
دوسری طرف مافیا نے آکسیجن سلنڈرز اور آکسیجن گیس مہنگی کر دی ہے، نیز اس کی مصنوعی قلت بھی پیدا کر دی گئی ہے، جس سے مریضوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
ادھر اے آر وائی نیوز کی ٹیم نے اے سی سٹی تبریز مری اور پولیس کے ساتھ غیر قانونی آکسیجن سلنڈرز فروخت کرنے والوں کے خلاف چھاپے مارے، جس میں راوی روڈ اور شاہدرہ کے علاقوں میں 2 گیس فلنگ یونٹس سیل کر دیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر تبریز مری کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس اور لوگوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھا کر غیر قانونی آکسیجن سلنڈر فروخت کیے جا رہے تھے، گیس فلنگ یونٹس میں غیر قانونی طور پر آکسیجن گیس دگنی قیمت پر بیچی جا رہی تھی، یونٹس مالکان کے پاس لائسنس بھی موجود نہیں تھا۔
چھاپے کے دوران گیس یونٹس کو سیل کر کے مالکان کو حراست میں لے لیا گیا، اور یونٹس پر موجود سلنڈرز کو بھی قبضے میں لیا گیا۔