برلن: جرمنی کے پوسٹ آفس میں پارسل سے آنے والی پُر اسرار بدبو نے 6 افراد کو اسپتال پہنچا دیا۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے علاقے شوائنفرٹ میں مشکوک پارسل سے آنے والی پُراسرار بدبو نے 6 افراد کو اسپتال پہنچانے کے ساتھ پوسٹ آفس کو بھی خالی کروانے پر مجبور کر دیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق پارسل سے آنے والی پُراسرار بدبو کی وجہ سے 12 افراد کی طبعیت ناساز ہوئی جن میں سے 6 افراد کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پوسٹ آفس سے آنے والی پُراسرار بدبو کی اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر فائٹرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی۔پولیس نے فوری طور ڈاک خانے کو خالی کروایا تاکہ پتہ لگایا جا سکے کہ آیا یہ بدبو کس چیز کی ہے۔
پولیس کی جانب سے پوسٹ آفس کی تلاشی کے دوران انہیں پتہ چلا کہ پارسل سے آنے والی بدبو تھائی ڈورین فروٹ کی ہے۔تفتیش کرنے پر پتہ چلا کہ مشتبہ پارسل نیورمبرگ میں موجود 50 سالہ شخص کو اس کے دوست کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔
ڈورین پھل اپنی بدبو کی وجہ سے مشہور ہے، اس کا موازنہ اکثر بوسیدہ کھانے، گندے موزوں اور الٹی سے کیا جاتا ہے، بہت سے ہوٹلوں نے اس کی خوشبو کی وجہ سے اس پھل پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ پھل انڈونیشیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور سنگاپور میں پایا جاتا ہے، اس کی شدید بُو کی وجہ سے ہی سنگاپور میں کئی مقامات پر اسے کھانے اور پبلک ٹرانسپورٹ میں لے جانے کی ممانعت ہے۔یہ پھل لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو بہت پسند ہے لیکن ساتھ ہی ایسے لوگ بھی ہیں جو شدید بدبو کی وجہ سے اس سے نفرت کرتے ہیں۔