حیدرآباد: صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں کرونا وائرس سے مزید 7 پولیس اہلکار متاثر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد اور بھٹائی نگر میں کرونا وائرس سے مزید 7 پولیس اہلکار متاثر ہوگئے جس کے بعد متاثرہ اہلکاروں کی تعداد 43 ہوگئی۔
اس سے قبل گزشتہ روز کرونا وائرس میں مبتلا سندھ پولیس کے 258 پولیس اہلکاروں کو 25 لاکھ 80 ہزار روپے نقد رقم کی ادائیگی کی گئی تھی
کورونا وائرس میں مبتلا سندھ پولیس کے 258 پولیس ملازمان کو 25 لاکھ 80 ہزار روپے نقد رقم کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر کی خصوصی ہدایت پر کرونا کے شکار پولیس افسران اور اہلکاروں کی فی کس 10 ہزار روپے کی امدادی رقم دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس اہکاروں کی پہلی فہرست ہے جس کے بعد کرونا وائرس کے شکار مزید اہلکاروں کا ڈیٹا بھی جمع کیا جا رہا ہے جس کے بعد انہیں بھی امدادی رقم کی فراہمی کی جائے گی۔
سندھ پولیس کے 1022 افسران و جوان کرونا وائرس کا شکار
یاد رہے کہ 21 جون کو ترجمان سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے سندھ پولیس کے 1022 افسران اور جوان متاثر ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران 13 اہلکار شہید ہوئے، شہدا میں 11 کا تعلق کراچی اور 2 کا تعلق حیدرآباد سے تھا۔