تازہ ترین

بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے عورتوں اور بچوں سمیت 83 افراد ہلاک

نئی دہلی: بھارتی ریاست بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے عورتوں اور بچوں سمیت 83 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں آسمانی بجلی کے گرنے سے 83 افراد اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، بجلی گرنے سے سب سے زیادہ 13 ہلاکتیں گوپال گنج کے علاقے میں ہوئیں۔

بھارت کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش ہوئی اس دوران ریاست کے بہت سے اضلاع میں ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا اور آسمانی بجلی کے گرنے واقعات بھی رونما ہوئے جس کے نتیجے میں 83 افراد ہلاک ہوچکے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بھارتی ضلع سیوان میں آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد ہلاک ہوئے، کشن گنج کے تھانہ کوچادھامن کے بلیا گاؤں میں کھیت میں کام کرنے والے دو بھائیوں میں سے ایک ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے بھائی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

موتیہاری کے گاؤں بیلوتیہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے، بتیا کے علاقے نرکٹیا گنج کے شکارپور تھانہ کی حدود میں دو مختلف پنچایتوں میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد ہلاک ہوئے۔

روہتاس کے کرگہرا نمڈیہرا میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد آسمانی بجلی سے جھلس گئے، جھلسے ہوئے لوگوں میں تین خواتین اور ایک مرد شامل ہیں، ارریہ کے نرپت گنج بلاک میں پھولکاہا تھانے کی حدود کھوپڑیا میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک 30 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔

بھارتی ضلع کھگڑیا کے چوتھم تھانے کی حود میں مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے پانچ بچے جھلس گئے ان میں سے ایک کی حالت نازک ہے، ادھر میدانی نگر میں ایک خاتون ہلاک ہوئی، بیلہہ گاؤں میں کھیت میں کام کرنے والے میاں بیوی بھی ہلاک ہوگئے۔

Comments

- Advertisement -