کراچی : تفتیشی ٹیم کا اسٹاک ایکسچینج حملے سے متعلق کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچنیج حملے اور چینی قونصلیٹ حملے میں مماثلت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردانہ حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ چینی قونصلیٹ پر حملے میں دہشت گردوں نے دستی بموں کا استعمال کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے میں بھی دہشت گردوں نے دستی بم استعمال کیے ہیں اسی لیے اسٹاک ایکسچینج حملے اور چائنیز قونصلیٹ حملے میں مماثلت لگ رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے برآمد اسلحے کا فرانزک کیا جارہا ہے، فرانزک کے بعد چینی قونصلیٹ حملے میں استعمال اسلحے کی رپورٹ سے میچ کیا جائے گا۔
یاد رہے آج کراچی کے اہم تجارتی مرکز پاکستان اسٹاک ایکسچینج پردہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا تھا، سیکیورٹی گارڈزاور پولیس کی بروقت جوابی کارروائی میں چارمسلح دہشتگرد مارے گئے جبکہ فائرنگ اور دستی بم حملے میں ایک سب انسپکٹر،چارسیکیورٹی گارڈز اور ایک شہری شہید ہوا۔
دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد دو گھنٹے تک سیکیورٹی اداروں نے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیااور عمارت کو کلیئرقرار دے دیا جبکہ کالعدم تنظیم نےحملےکی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔