کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون سیزن کی پہلی بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم سہانا ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاقے ملی، لانڈھی، کورنگی اور شاہ فیصل میں بادل برس پڑے۔
شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل میں بارش کے ساتھ ٹڈیوں کی بھی یلغار ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا کہ بارش کا سلسلہ بدھ کی صبح تک جاری رہے گا، کراچی میں 50 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، تاہم گرمی کی شدت میں کمی بدھ کی شام سے ہوگی، بدھ کی شام کو ہوا کا کم دباؤ ختم ہونے سے سمندری ہوائیں بحال ہو جائیں گی۔
سردار فراز کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں معتدل اور کچھ مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی،حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔