سانگھڑ: سندھ کے ضلع سانگھڑ میں کنویں میں ماں سمیت 2 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سانگھڑ کے علاقے سنجھورو کے دیوان گوٹھ میں گندے پانی کی نکاسی کے لیے گھر میں بنے ہوئے کنویں میں ڈوب کر ماں اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق کنویں کی چھت ٹوٹنے سے اس پر کھیلتے ہوئے تین بچے اندر جاگرے بچوں کو ڈوبتے ہوئے دیکھ کر ان کی جان بچانے کے لیے ماں نے کنویں میں چھلانگ لگادی جس کے سبب وہ اپنے دو بچوں سمیت ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔
کنویں میں ڈوبنے والے تین بچوں میں سے ایک بچے کو بچالیا گیا ہے، جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں تین اور پانچ سال ہیں جبکہ والدہ کی عمر 35 سال ہے۔
مزید پڑھیں: ٹھٹھہ، 3 خواتین اور 2 بچے دریائے سندھ میں ڈوب کر جاں بحق
رپورٹ کے مطابق گاؤں کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشیں کنویں سے نکالیں بعدازاں سنجھورو پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیں۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں گھوڑا باری کے ساحلی گاؤں حاجی اسماعیل جت کے رہائشی تین خواتین سمیت 2 بچے دریائے سندھ میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں بلوچستان کے ضلع بولان میں ندی میں نہاتے ہوئے دو سگے بھائی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے، ڈوبنے والے افراد کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔