جمعرات, مئی 8, 2025
اشتہار

صحافی علی سلمان علوی اہلیہ کے قتل کے الزام میں گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : پولیس نے صحافی علی سلمان علوی کو اپنی اہلیہ کے قتل کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ملزم کیخلاف مقتولہ کی بہن نے ایف آئی آر درج کروائی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے صحافی اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ علی سلمان علوی کو اپنی اہلیہ کے قتل کے الزام میں حراست میں لے کرعدالت میں پیش کیا ہے۔

راولپنڈی کے تھانہ ایئر پورٹ میں درج کیے گئے مقدمے میں علی سلمان علوی پر ان کی اہلیہ صدف زہرہ کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے جسے مقتول کی بہن سیدہ مہوش زہرہ کی درخواست پر درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کی بہن کا کہنا ہے کہ مجھے میرے بہنوئی علی سلمان علوی نے فون کیا اور کہا کہ میں برباد ہوگیا ہوں، تم جلدی آجاؤ، ساتھ ہی اس نے بولا کہ صدف نے کچھ کرلیا ہے، اس کے بعد علی سلمان علوی نے فون بند کردیا، جس کے بعد میں نے اپنے چھوٹے بھائی فہد کو کال کی کہ صدف نے کچھ کرلیا ہے۔

مدعیہ مہوش کے مطابق وہ اپنی والدہ اور شوہر کو لے کر چکلالہ اسکیم تھری کے علاقے سے یوسف کالونی پہنچیں جہاں علی سلمان علوی اپنے گھر کے مرکزی دروازے پر کھڑے تھے وہ ہمیں میری بہن کے کمرے میں لے گئے جہاں چھت والے پنکھے سے صدف زہرہ کی لاش لٹک رہی تھی۔

مہوش زہرہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کے بہنوئی علی سلمان ان کی بہن صدف پر تشدد کرتے تھے اور کئی مرتبہ مارا پیٹا جس پر ان کو بہت سمجھایا لیکن وہ باز نہیں آئے۔

ایف آئی آر درج کراتے ہوئے مدعیہ مہوش زہرہ نے لکھا ہے کہ ان کو قوی یقین ہے کہ ان کی بہن کو علی سلمان علوی نے قتل کیا اور پولیس اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ 29جون کا ہے، ملز م کو اسی روز گرفتار کرلیا گیا تھا ۔

اے آر وائی نیوز کے اینکر پرسن ارشد شریف نے راولپنڈی پولیس کی جانب سے علی سلمان علوی کی گرفتاری کی تصویر اور ایف آئی آر ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔

ارشد شریف کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ راولپنڈی پولیس کے افسران متاثر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایف آئی آر میں جسم پر تشدد کی علامات کا ذکر کیا گیا ہے۔ ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے خواتین پر بھتہ خوری اور بلیک میلنگ کے ریکیٹ کی بھی تحقیقات کی ضرورت ہے۔

راولپنڈی کی تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے ملزم علی سلمان کے خلاف زیر دفعہ 302 تعزیرات پاکستان قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا ہے اور مقامی عدالت سے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا ہے تاکہ معاملے کی تفتیش کی جا سکے۔

صدف زہرہ قتل کیس میں پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے، راولپنڈی پولیس کے مطابق علی سلمان علوی پر خواتین کو ٹریپ اور بلیک میل کرنے کے الزامات ہیں، ملزم ایک نجی ٹی وی چینل سے منسلک تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علی سلمان پر بلیک میلنگ ،بھتہ مافیا سے منسلک ہونے کا بھی الزام ہے، اس کے علاوہ ملزم غیر ملکی کرنسی بھی بینک اکاؤنٹس میں وصول کرتا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم سلمان علوی کس گینگ سے منسلک تھا اس حوالے سے تحقیقات ابھی جاری ہیں، ملزم کے زیراستعمال متعدد بینک اکاؤنٹس بھی تھے۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں