اسلام آباد : سول ایوی ایشن نے ایس اوپیزکی خلاف ورزی کرنے والی ائیرلائنز کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی اور کہا بعض ایئرلائنزدوران پرواز احتیاطی تدابیرپرعمل نہیں کررہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والی ائیرلائنز کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی گئی، سول ایوی ایشن نے کہا بعض ایئرلائنز ایئرپورٹس پر اور دوران پرواز احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کررہی ہیں، تمام ائیرپورٹ منیجرزکو کارروائی کیلئے تحریری احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
ڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹ نےتمام ایئرپورٹ منیجرز کو ایک ہفتے پہلے مراسلہ لکھا تھا، جس میں ائیرپورٹ منیجرز کو ایئرلائنز کی نگرانی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ بعض ائیرلائنزمسافروں میں سماجی فاصلےکی خلاف ورزی کررہی ہیں، سی اے اے کی ہدایت کے باوجود جہازوں کو بھر کر لایا جارہا ہے۔
ڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹ نے کہا خلاف ورزی کرنیوالی ایئرلائن کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب باچا خان انٹرنیشنل ائر پورٹ پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر وزارت صحت کی جانب سےسی اے اے کو تحریر ی شکایت کی گئی تھی، جس پر
ایئرپورٹ منیجرعبید الرحمان عباسی کی زیرصدارت ائیر لائن کااجلاس ہوا۔
ایئرپورٹ منیجر نے کہا ایئرلائنزپشاور ائیرپورٹ پر ایس اوپیزکی خلاف ورزی کررہی ہیں ، ایئرلائنزکوسختی سے ایس اوپیز پر عمل درآمد کی ہدایت کی جائے۔