لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا، تنقید برائے تنقید کرنے والے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیرصاحبزادہ محبوب سلطان نے ملاقات کی، اس دوران اراکین پنجاب اسمبلی بھی موجود تھے، ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیں گے، ترقیاتی منصوبوں میں ارکان اسمبلی کی مشاورت کو اہمیت دی جائے گی، پنجاب میں حقیقی ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترقی نہیں شو بازی ہوتی تھی، سازشیں کرنے والے پہلے کی طرح پیچھے رہ جائیں گے، ان عناصر نے ذاتی مفاد کی خاطر قومی مفاد کو بےپناہ نقصان پہنچایا۔
عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے زیر تکمیل منصوبوں کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا، جلال پور کینال اور گریٹر تھل کینال جیسے منصوبے گیم چینجر ہیں۔