اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی حکومت میں ایک اور اہم عہدے دے دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین کو وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے آئی ٹی بنادیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے صلاح الدین حیدرآباد سے منتخب رکن قومی اسمبلی ہیں۔
مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان سے ایم کیو ایم رکن اسمبلی صلاح الدین کی ملاقات ہوئی جس میں نئی ذمہ داریوں اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے نئی ذمہ داریاں ملنے پر ایم کیو ایم رہنما صلاح الدین کو مبارک باد دی، واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے امین الحق پہلے ہی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر ہیں۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل امین الحق کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان دیا گیا تھا، یہ قلمدان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوا تھا، امین الحق کے حلف اٹھانے کے بعد ایم کیو ایم کی دوبارہ وفاقی کابینہ کا حصہ بن گئی تھی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی تھیں، فخرامام کو وزارت فوڈ سیکیورٹی اور خسروبختیار کو اکنامک افیئر کا قلمدان سونپا تھا جبکہ حماد اظہر کو وزارت صنعت کا وزیربنا دیا تھا۔