اسلام آباد : قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی میں گند پھیلانے والوں کیخلاف قانون منظور کرلیا، سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ کوڑا کرکٹ ،غیر نامیاتی فضلہ آبی حیات حیوانات کی زندگیوں کیلئے خطرہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کیلئے بری خبر آگئی، قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی میں گند پھیلانے والوں کیخلاف قانون منظور کرلیا گیا۔
کمیٹی میں مسودہ قانون سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے پیش کیا گیا ، سینٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ کوڑا کرکٹ پھیلانے کا کلچر افسوسناک ،قابل مذمت ہے، جگہ جگہ کوڑے ،تعفن کے ڈھیر شہروں کا حسن خراب کررہے ہیں۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ غیرنامیاتی فضلہ آبی گزرگاہوں،ذخیرہ ہائے آب کی آلودگی کی وجہ ہے، کوڑا کرکٹ ،غیر نامیاتی فضلہ آبی حیات حیوانات کی زندگیوں کیلئے بھی خطرہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ مسودہ قانون کو متفقہ طور پر منظور کرنے پر کمیٹی کا شکرگزارہوں، امید ہے صوبائی سطح پر بھی اس طرز کی قانون سازی کی جائے گی۔
سینٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان عمران خان کا ویژن ہے، ہم ملکر اپنے ملک اور ماحول کو صاف بنائیں گے، اسلام آباد کو رول ماڈل کے طور پر پیش کریں گے۔