لاہور: ریل مزدور اتحاد کے مطالبات منظور نہ ہونے پر تنظیم نے ٹرینوں کے پہیے جام کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ریل مزدور اتحاد نے5 اگست 2020کو ریل کا پہیہ جام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ریل مزدور اتحاد کے رہنما سرفراز خان کا کہنا ہے کہ بار ہااحتجاج کے باوجود کوئی بات نہیں سنی گئی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ تنخواؤں میں اضافہ کرکے ملازمین کو نکالنے کا سلسلہ بند کیا جائے، پنشن اور سالانہ ترقی کی سابقہ پالیسی بحال رکھی جائے، رشوت لے کر آنے والے ڈی جی لیگل طاہر بٹ کو فارغ کیا جائے۔
اتحاد کا مزید کہنا تھا کہ لیگل کنسلٹنٹ سلمان کاظمی کو بھی فوری طور پر برطرف کیا جائے۔
خیال رہے کہ ریل مزدور اتحاد کا اپنے مطالبات کے حصول کے لیے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ دنوں سیکڑوں مزدوروں نے ریلوے ورکشاپس مغل پورہ لاہور میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا جس میں مظاہرین کی ریلوے انتظامیہ اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی تھی۔
احتجاج میں محمد سرفراز خان، چودھری عنایت گجر سمیت یونینز کے عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی تھی۔ جن کا کہنا تھا کہ ٹی ایل اے کنٹریکٹ اور پرائم منسٹر پیکج کے ملازمین کو مستقل کیا جائے، ملازمین کی تنخواؤں میں اضافہ نہ ہوا تو ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔