منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس ، آصف زرداری پر بذریعہ ویڈیو لنک فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : احتساب عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کی پیشی سے معذرت پر چار اگست کو بذریعہ ویڈیو لنک فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام اباد کے جج اعظم خان نے سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر ملزمان کیخلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر سماعت کی۔

ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری نے ایک بار پھر عدالت میں پیشی سے معذرت کرلی ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ کورونا اور بیماریوں کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہوسکتا۔

جس کے بعد احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر چار اگست کو بذریعہ ویڈیو لنک فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نیب کو فردجرم کے لیے ویڈیو لنک انتظام کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے آصف زرداری کے شریک ملزم اشفاق لغاری کو اشتہاری قرار دے کر مقدمہ سے الگ کردیا ہے۔

یاد رہے احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر حکم نامہ جاری کیا تھا ، جس میں آصف علی زرداری سمیت چودہ ملزمان کو چار اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

خیال رہے نیب نے ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں نوڈیرو ہاؤس کےانچارج ندیم بھٹو کو گرفتار کیا گیا تھا اور ندیم بھٹو سے تفتیش کے بعد آصف زرداری کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ ندیم بھٹو کے اکاؤنٹ میں اومنی گروپ کے علاوہ گم نام اکاؤنٹس سے پیسے آتے تھے، پیسوں سے نوڈیرو ہاؤس کے ملازمین کی تنخواہیں اور کھانے کے اخراجات چلتے تھے، سفری اخراجات، نوڈیرو ہاؤس میں تقریبات کے انتظامات انہی پیسوں سے ہوتے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں