کراچی : لیاقت آباد انویسٹی گیشن پولیس نے 31سالہ مقتولہ نائلہ کے اندھے قتل کی واردات جدید طریقے سے کارروائی کرتے ہوئے چچا زاد ملزم اعظم کو گرفتار کرلیا۔
مقتولہ نائلہ ایک ماہ قبل اپنے چچا کے بیٹے اعظم سے شادی کرنے کے لیے بغیر بتائے گھر سے چلی گئی تھی، مقتولہ نائلہ گھر سے جاتے ہوئے14لاکھ روپے نقدی اور طلائی زیورات وغیرہ بھی ساتھ لے گئی تھی۔
ملزم اعظم مقتولہ نائلہ کے پاس موجود بڑی رقم اور طلائی زیورات وغیرہ دیکھ کر لالچ میں آگیا۔ ملزم اعظم نے رقم ہتھیانے کے لیے مقتولہ نائلہ کو دھوکے سے دیپالپورہ اُوکاڑہ لے جا کر چھریاں مار کر قتل کر دیا تھا۔
ملزم اعظم مقتولہ نائلہ کی نعش کو کھیتوں میں پھینکنے کے بعد رقم اور طلائی زیورات وغیرہ لے کر کراچی فرار ہوگیا تھا۔ مقتولہ نائلہ کے ورثاء نے تھانہ لیاقت آباد میں اغوا جبکہ اوکاڑہ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔
دوسری کارروائی میں پولیس نے مقابلے کے بعد سابق اہلکار اور بدنام ڈکیت اشتیاق عرف ماما کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، سائٹ اے پولیس نے سابق اہلکار اور بدنام ڈکیت کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد مبینہ مقابلے میں اشتیاق عرف ماما کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف بھتے کی وصولی کا مقدمہ بھی درج ہے ملزم کی فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوا، ملزم اورساتھیوں نے3 جولائی کو ٹیکسٹائل مل ملازم سے12 لاکھ چھینے تھے۔
علاوہ ازیں ملیر سٹی پولیس نے ایک کارروائی میں منشیات فروش خاتون کو شوہر سمیت گرفتار کیا ہے، ملزمان حنیف اور سلمیٰ عرف حسینہ سے6کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہے، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔