پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

ریل میں پولیس اہل کاروں کو احکامات دیتے جعلی ریلوے افسران گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ریل میں پولیس اہل کاروں کو چیکنگ کے احکامات دینے والے جعلی ریلوے افسران پکڑے گئے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد نے ایک بڑی کارروائی کر کے جعلی ریلوے افسران گرفتار کر لیے، جعلی افسران دھڑلے سے پولیس اہل کاروں کو بھی احکامات دے رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مظہر حسین اور کاشف حسین نامی دو افراد نے سکھر ایکسپریس میں پولیس والوں کو اپنا تعارف کرایا کہ وہ ریلوے افسران ہیں، دونوں ملزمان نے ٹرین میں چیکنگ کے لیے پولیس اہل کاروں کو احکامات بھی دیے، تاہم ریلوے پولیس اہل کار ان دونوں افراد کو ٹرین منیجر کے پاس لے گئے۔

ترجمان ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ جب ٹرین منیجر محمد علی کو بتایا گیا کہ یہ ریلوے کے افسران ہیں اور ٹرین چیک کریں گے، تو انھوں نے دونوں افراد کو مشکوک سمجھ کر کراچی ڈویژن سے رابطہ کر لیا۔

کراچی ڈویژن کے ریلوے آفیسر نے تصدیق کی کہ مذکورہ نام کے کوئی بھی ریلوے افسران کراچی ڈویژن میں نہیں ہیں، جس پر ٹرین منیجر نے مشکوک افراد سے ان کے محکمہ ریلوے کے کارڈ طلب کیے، مظہر حسین نے اپنا کارڈ پیش کیا تو معلوم ہوا کہ وہ جعلی ہے، جب کہ کاشف ریلوے کا کارڈ پیش نہ کر سکا۔

ریلوے پولیس کے مطابق دونوں افراد کے پاس ریلوے ٹکٹ بھی نہیں تھے، انھوں نے ریلوے جعلی کارڈ استعمال کر کے اپنے آپ کو ریلوے افسران ظاہر کیا، حقیقت کھلنے پر دونوں ملزمان کو ریلوے ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد میں کیس درج کیا گیا ہے۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں