پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

بھارتی ڈانسر سوتے سوتے موت کی وادی میں‌ داخل

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف رقاصہ اور کوریئو گرافر امالا شنکر 101 سال کی عمر میں دارِ فانی سے کوچ کر گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق معروف ڈانسر اور کوریئو گرافر جمعرات کی رات سوئیں تو وہ اٹھ نہ سکیں، اہل خانہ انہیں اسپتال لے کر پہنچے جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کی۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ امالا شنکر ضیعف العمری کے باعث اکثر بیمار رہتی تھیں، انہیں سوتے وقت دل کا دورہ پڑا اور وہ انتقال کرگئیں۔

- Advertisement -

امالا شنکر لیجنڈری ڈانسر اور کوریئو گرافر اودے شنکر کی اہلیہ اور معروف ستار نواز پنڈت روی شنکر کی سالی تھیں۔ بالی ووڈ شخصیات نے معروف ڈانسر کے دنیا سے گزر جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور اُن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

امالا شنکر کی یادگار تصویر، بشکریہ گوگل

امالا شنکر کی پوتی سری ناندا شنکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ’آج ہماری تھاما 101 برس کی عمر میں ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں، ہم نے ایک ماہ قبل اُن کی سالگرہ منائی تھی‘۔

مزید پڑھیں: کینسر سے متاثر ہونے والی نوجوان اداکارہ چل بسیں

انہوں نے لکھا کہ ’میں دکھی دل کے ساتھ ممبئی سے کلکتہ کا سفر کررہی ہوں تاکہ آخری رسومات میں شرکت کرسکوں، خدا اُن کی روح کو امن و سلامتی عطا کرے‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’تھاما آپ کے جانے سے ایک دور کا اختتام ہوا، ہر چیز پر میں آپ کی شکر گزار ہوں‘۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق امالا شنکر نے 90 کی دہائی میں فلم انڈسٹری پر راج کیا، انہیں مغربی بنگال کی حکومت نے 2011 میں ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔

بھارت کے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ مماتا بنیرجی نے ڈانسر کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک اچھی اور باصلاحیت شخصیت سے محروم ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بالی وڈ کی معروف کوریو گرافر سروج خان انتقال کرگئیں

یاد رہے کہ اس سے قبل تین جولائی کو چار دہائیوں تک بالی ووڈ انڈسٹری پر راج کرنے والی معروف کوریئو گرافر سروج خان 70 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئیں تھیں۔

واضح رہے کہ  بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے یہ سال بہت بھاری ثابت ہوا ہے، گزشتہ دنوں نامور بالی ووڈ اسٹار عرفان خان، رشی کپور کینسر جبکہ میوزک کمپوزر ساجد خان کرونا سے انتقال کرگئے تھے۔

یاد رہے کہ 14 جون 2020 کو بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے نوجوان اداکار سشانت سنگھ نے بھی خودکشی کی، اُن کے دوستوں کا کہنا تھا کہ اداکار کام نہ ملنے کی وجہ سے شدید ڈپریشن کا شکار تھے۔

سُشانت سنگھ راجپوت نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا، انہیں 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم پی کے سے شہرت ملی جس کے بعد انہوں نے مہندرا سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔

علاوہ ازیں سلمان خان کے ساتھ ریڈی فلم میں کام کرنے والے مزاحیہ اداکار موہیت بگہیل 27 برس کی عمر میں چل بسے، وہ موذی مرض میں مبتلا تھے، اس سے قبل 13 مئی کو  بالی ووڈ کی مشہور فلم پی کے میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے ساتھ کام کرنے والے اداکار کینسر کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 39 سالہ اداکار چرن جیوی سرجا کو 7 جون کو دل میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال لایا گیا، وہ  دوران علاج جانبر نہ ہوسکے تھے۔ چرن جیوی سرجا کی موت کی تصدیق تلنگا فلموں میں کام کرنے والے اداکار اور اہل خانہ نے کی تھی۔

چند روز قبل 9 جولائی کو بالی ووڈ فلموں میں مزاحیہ کردار ادا کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے جگدیپ 81 برس کی عمر میں جمعرات کے روز جہانِ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔

جگدیپ معروف بالی ووڈ اداکار جاوید جعفری اور نوید جعفری کے والد تھے، اُن کا اصل نام سید اشتیاق احمد جعفری تھا۔ بعد ازاں بھارت کی نوجوان ٹک ٹاک اسٹار نے خودکشی کی جبکہ ایک روز قبل مقامی شوبز انڈسٹری کے اداکار سشیل گودا نے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

رواں ماہ کی تیرہ تاریخ کو اداکارہ اور ماڈل دیویا چوکسے کمسپرسی کی حالت میں کینسر سے جنگ ہار گئیں تھیں، انہوں نے اپنی موت سے قبل انسٹاگرام پر الوادعی پیغام بھی شیئر کیا جسے پڑھ کر مداح مزید غمزدہ ہوگئے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں