اتوار, مئی 26, 2024
اشتہار

ٹی وی دیکھنا زیادہ فائدہ مند ہے یا مطالعہ کرنا؟

اشتہار

حیرت انگیز

ہم میں سے اکثر افراد اپنا فارغ وقت ٹی وی دیکھتے ہوئے گزارتے ہیں جبکہ کچھ افراد یہ وقت کتاب پڑھتے ہوئے گزارتے ہیں، سماجی ماہرین کا خیال ہے کہ مطالعہ کرنا ٹی وی دیکھنے سے بہتر ہے۔

مختلف سماجی و نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب بھی ہم ٹی وی دیکھتے ہیں تو ضروری نہیں کہ وہ ہر وقت کچھ ایسا ہو جس سے ہم کچھ نیا سیکھیں۔

اس کے برعکس جب ہم کوئی کتاب مکمل کر کے اٹھتے ہیں تو یہ ہمیں کاملیت کا احساس دیتی ہے، ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ ہم نے مطالعے سے کچھ نہ کچھ نیا سیکھا ہوتا ہے اور ہم اپنی معلومات میں اضافہ محسوس کرتے ہیں۔

- Advertisement -

سنہ 2013 میں جاپان میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق وہ بچے جو اپنا زیادہ وقت ٹی وی دیکھتے ہوئے گزارتے تھے ان کے آئی کیو لیول میں کمی دیکھی گئی۔

اس کے برعکس امریکا میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق کتاب مکمل کرلینے کے بعد اگلے 5 روز تک پڑھنے والے کا دماغ چاک و چوبند اور تخلیقی راہ پر گامزن رہتا ہے۔

مطالعہ کرنے سے پڑھنے والے کے ذخیرہ الفاظ میں بھی اضافہ ہوتا ہے جبکہ اس کے اندر لکھنے کی صلاحیت بیدار (یا اگر پہلے سے ہو تو) بہتر ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق زیادہ ٹی وی دیکھنے کے مختلف طبی نقصانات بھی ہیں جن میں سر فہرست وزن میں اضافہ اور آنکھوں کو نقصان پہنچنا ہے، لہٰذا بہتر یہی ہے کہ ٹی وی دیکھنے کا وقت کم کر کے مطالعے کا وقت بڑھایا جائے۔

آپ اپنے فارغ وقت میں دونوں میں سے کس کام کو ترجیح دیتے ہیں؟

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں