کراچی: قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کا کہنا ہے کہ پریکٹس میچ میں بیٹسمینوں کی ناکامی تشویش ناک نہیں ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان اور بیٹنگ کوچ یونس خان کا کہنا ہے کہ پریکٹس میچ میں بیٹنگ کی ناکامی کوئی پریشانی کی بات نہیں ہے، آخری پریکٹس میچ میں کنڈیشنز سخت رکھی گئی تھین۔
یونس خان نے کہا کہ انگلینڈ میں فائٹ بیک کے لیے سیریز جیتنے کے لیے آئے ہیں۔
واضح رہے کہ تیسرے پریکٹس میچ میں فاسٹ بولر سہیل خان کی تباہ کن بولنگ کی بدولت قومی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی تھی، سہیل خان نے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس سے قبل پی سی بی کی جانب سے دورہ انگلینڈ کے لیے یونس خان کو بطور بیٹنگ کوچ منتخب کیا گیا تھا، وقار یونس بولنگ کوچ اور مصباح الحق ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر ہیں۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں اپنا پہلا ٹیسٹ 5 اگست کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد مزید دو ٹیسٹ میچ اور آخر میں ٹی ٹوینٹی سیریز کھیلی جائے گی۔