پشاور : خیبرپختونخوا کے دارالحکومت میں نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں نان بائیوں نے روٹی اور اور نان کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا جس کے بعد روٹی کی قیمت 15 روپے تک پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق نان بائیوں کی جانب سے 10 روپے میں فروخت کی جانے والی روٹی کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
پشاور کے نان بائیوں نے صوبائی دارالحکومت میں آٹا مہنگا ہونے کے باعث روٹی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
تندور مالکان کا کہنا ہے کہ آٹے کی 80 کلو کی بوری چھ ہزار کی مل رہی ہے جس کے باعث روٹی دس روپے میں فروخت کرنا ممکن نہیں، اسی لیے ایک سو پچاس گرام کی روٹی دس کے بجائے پندرہ روپے کی دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روٹی کی قیمتوں میں من مانے اضافے کی وجہ سے شہری بھی شدید پریشان ہیں، شہریوں نے حکومت سے آٹا سستا کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
اس سے قبل پنجاب کے نان بائیوں نے بھی روٹی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پنجاب بھر میں نان کی قیمت 15 اور روٹی کی قیمت 10 روپے تک پہنچ گئی۔