ہفتہ, فروری 1, 2025
اشتہار

ترکی کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا: اردوان کا صدر پاکستان کو فون

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ترک صدر رجب طیب اردوان نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو فون کر کے کہا ہے کہ ترکی کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔

تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلی فون کر کے بقر عید کی مبارک باد دی، اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، صدر عارف علوی نے بھی ترک ہم منصب کو عید کی مبارک باد دی۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ عید ایسے وقت منائی جا رہی ہے جب دنیا کو متعدد چیلنجز درپیش ہیں، کرونا وبا نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

صدر عارف علوی نے فون پر گفتگو کے دوران کرونا کے خلاف عالمی جنگ میں ترکی کے کردار کو سراہا، صدر مملکت نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی حالت زار پر بھی روشنی ڈالی اور خوف کے ماحول میں زندگی گزارنے والے بھارتی مسلمانوں کے مسائل کو اجاگر کیا۔

ترک صدر کا وزیر اعظم سے ٹیلیفونک رابطہ، کشمیر سمیت اہم امور پر گفتگو

صدر مملکت نے ہم منصب کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں جارحانہ بھارتی اقدامات کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے، کرونا بحران کے باوجود قابض حکومتوں کے فلسطین اور کشمیر میں مظالم جاری ہیں۔

ترک صدر رجب اردوان نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور ترکی کے اہداف ایک ہیں، ترکی کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔

دریں اثنا، ترک صدر نے عارف علوی کو کرونا کے خاتمے پر ترکی کے دورے کی دعوت دی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں