لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نافذ اسمارٹ لاک ڈاؤن کو کل سے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پنجاب حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو پانچ اگست کے بجائے 3 اگست کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
لاک ڈاؤن کے خاتمے کا نوٹی فکیشن پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے سیکریٹری رات گئے جاری کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے مویشی منڈیوں سے لیے گئے سیمپلز کے حوصلہ افزا نتائج آنے کے بعد لاک ڈاؤن کے خاتمے کا فیصلہ کیا،مویشی منڈیوں میں کرونا وائرس نہ ہونے پر صوبائی حکومت نے تین اگست کو لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا، علاوہ ازیں عید پر مارکیٹوں کی بندش کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاو کے امکانات کم ہوئے جس کی بنیاد پر لاک ڈاؤن کے خاتمے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: عید الاضحیٰ پر پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ
ذرائع کا کہنا تھا کہ 5 اگست کوکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کی اجازت بھی دی جائے گی جبکہ کل سے صوبے بھر کی مارکیٹس، بازار اور پلازہ کھولنے کی اجازت بھی دے دی جائے گی۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے صوبے بھر میں اچانک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا، جس کے تحت مویشی منڈیوں کو شہر کی حدود سے باہر لگانے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ صوبے کے تمام بازار، مارکیٹس اور پلازوں کو عید سے تین روز قبل بند کردیا گیا تھا۔
پنجاب میں ہونے والے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد کرونا کیسز میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ صوبائی وزیر صحت نے تصدیق کی تھی کہ 19 اضلاع میں ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے بعد اُن علاقوں کو کرونا فری قرار دے دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ صوبے کے باقی اضلاع میں بھی رپورٹ ہونے والی کیسز کی شرح بہت کم ہوئی ہے، لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کریں تاکہ صورت حال اسی طرح معمول پر آتی رہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے 19 اضلاع کرونا فری بن گئے ہیں: ڈاکٹر یاسمین راشد
دوسری جانب پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا سے صرف 6 مریضوں کی اموات ہوئیں جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 976 تک پہنچ گئی جبکہ 593 مزید کیسز بھی سامنے آئے۔