کراچی: شہر قائد کے باسیوں کے لیے قدرت کی جانب سے خوش خبری ہے کہ حب ڈیم میں آئندہ ڈیڑھ سال تک کے لیے پانی ذخیرہ ہو گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حالیہ بارشوں میں حب ڈیم میں 20 ماہ کا پانی کا ذخیرہ ہو گیا ہے، اس سلسلے میں ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ حب ڈیم میں پانی کی سطح 328 فٹ تک بلند ہو گئی ہے، جب کہ ڈیم میں مزید پانی کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈیم میں پانی ذخیرہ ہونے سے ڈسٹرکٹ ویسٹ کو پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
ذرایع واٹر بورڈ نے بتایا کہ حب ڈیم کا اسپل وے کھلنے میں 11 فٹ پانی کی کمی رہ گئی ہے، شام تک اسپل وے بھرنے کے بعد 10 کروڑ گیلن پانی حاصل کیا جا سکے گا۔
پانی کی فراہم سے متعلق واٹر بورڈ کا مؤقف ہے کہ ڈیم میں پانی کی آمد کے دوران مکمل فراہمئ آب تکنیکی طور پر ممکن نہیں ہے، ڈیم میں پانی کی آمد بند ہونے پر 100 ایم جی ڈی یومیہ فراہمی شروع ہو سکے گی۔
دادو میں سیلاب کی تباہی، وزیر اعلیٰ ضلعی انتظامیہ پر برہم ہو گئے
واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران کراچی میں مون سون کا چوتھا اسپیل شہریوں کے لیے امتحان بن گیا ہے، بارش کے بعد ملیر ندی میں طغیانی آ گئی، کورنگی کاز وے سے پانی کا بڑا ریلہ گزرنا شروع ہوا جس کے باعث کاز وے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، تین روز میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں 5 بچوں سمیت 21 افراد جان سے گئے۔
اندرون سندھ میں بھی موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچائی، ضلع دادو میں 50 سے زائد دیہات زیر آب آئے، جس سے ہزاروں لوگ سیلابی پانی میں محصور ہیں، ریسکیو ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔