حیدرآباد: سندھ کے شہر حیدرآباد میں اینٹی کرپشن نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس پر چھاپہ مارا تو افسران کرسیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مبینہ جعلی آئی ڈیز کے ذریعے کروڑوں روپے پنشن ادائیگی کے معاملے پر اینٹی کرپشن نے حیدرآباد ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس پر چھاپہ مار کر ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی ٹیم کو دیکھ کر ٹریژری افسران میں کھلبلی مچ گئی اور افسران کرسیاں چھوڑ کر دفتر سے فرار ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹیم کی جانب سے پنشن ادائیگیوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے، اینٹی کرپشن کی ٹیم پنشن سیکشن افسران اور عملے سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ شخص کے ذریعے کروڑوں روپے ادائیگی کا الزام ہے، زاہد شیخ نامی شخص محکمہ اکاؤنٹس کا ملازم نہیں ہے، پرائیویٹ شخص سے سرکاری کام لینا غیرقانونی ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ پنشن ادائیگیوں کا ریکارڈ تحویل میں لیا جائے گا۔