لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) اور متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ موسم کی صورت حال کے تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جائے، نکاسی آب کے لیے وضع کردہ پلان پر ہر صورت عمل ہونا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ بارش کی صورت میں پانی کانکاس کم سےکم وقت میں کیا جائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بارشی پانی کی جلد نکاس میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، شہریوں کو بارش کےدوران مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے انتظامات کیے جائیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہوچکا ہے۔ جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) حکام کے مطابق لاہور میں بارش کے سبب 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے جس کی وجہ سے بجلی کی عارضی بندش رہی۔