لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئےذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے واقعےکا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ا جازت نہیں دی جا سکتی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا اور ہنگامہ آرائی کرنیوالوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
یاد رہے مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی، نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ لیگی کارکنوں نے نیب دفتر کے باہر رکاوٹیں ہٹادیں تھیں۔
پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں کومنتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی گیہ اور نیب آفس کے باہر واٹر کینن بھی طلب کرلی گئی ، لیگی کارکنان گاڑی ایل ای 3378میں پتھر سےبھرے شاپرلیکرآئے تھے ، لیگی کارکنوں نے گاڑی کےاندر سے پتھر نکال کر پولیس پر برسائے۔
لیگی کارکنوں کے پتھراؤ کے باعث نیب دفتر پرکھڑیوں کے شیشےٹوٹ گئے جبکہ نیب دفتر کے باہر بیریئر بھی توڑنےکی کوشش کی گئی۔
بعد ازاں نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پیشی منسوخ کر دی، تاہم مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ پیشی آج ہی کی جائے۔