کراچی : پالتو شیروں کے نجی فارم سے فرار ہونے پر محکمہ جنگلی حیات بھی حرکت میں آگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید کے قریب واقع ایک نجی فارم سے پانچ پالتو شیروں کے فرار ہونے کے بعد محکمہ جنگلی حیات کو ہوش آگیا، کنزرویٹر جاوید احمد شیروں کو پکڑنے کے آپریشن کی نگرانی کرنے پہنچ گئے۔
کنزرویٹر جاوید احمد کا اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ شیروں کے فرار کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ ماہرین کو علاقے میں پہنچا دیا تھا، نجی فارم میں شیروں کی پرورش غیر قانونی ہے تاہم اس حوالے بھی تاحال کوئی قانون موجود نہیں ہے۔
جاوید احمد کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی سے اس سلسلے میں قانون منظور ہوچکا ہے، پراسس مکمل ہونے پر قانون موثر ہوجائے گا۔
کنزرویٹر وائلڈلائف نے مزید کہا کہ گزشتہ برس بھی ایک شخص شیر کے ساتھ سڑکوں پر نظر آیا تھا۔
کراچی میں پالتو شیر باہر نکل آئے، شہری گھروں میں محصور
خیال رہے کہ کچھ دیر قبل شہر قائد کے علاقے گلشن حدید کے قریب نجی سوسائٹی میں واقع نجی فارم سے پانچ پالتو شیر باہر نکل آئے تھے جو باہر نکلنے کے بعد ایک مدرسے میں گھس گئے تھے۔
جنگلی جانوروں کے باہر نکلنے پر شہریوں میں بھگڈر مچ گئی تھی جبکہ نجی سوسائٹی کے مکین اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے تھے۔