کراچی : پی آئی اے کے نیویارک میں ہوٹل روز ویلٹ کو قرض سے چھٹکارا دلانے کیلئے حکومت پاکستان نے بڑا قدم اٹھالیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی خصوصی کاوش سے پاکستان کے اہم بین الاقوامی اثاثہ بہت جلد قرضے سے پاک ہوجائے گا۔
نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل پر 125 ملین ڈالر کا قرضہ ادا کرکے حکومت نے مزید قرض اور سود سے نجات حاصل کرلی۔
وزیر ہوابازی کی جانب سے ای سی سی کو مطمئن کرکے منظوری لے لی گئی ہے، روز ویلٹ ہوٹل نیویارک میں کرونا کے باعث شدید دباو کا شکار تھا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کا کہنا تھا کہ نیویارک میں 93 ہوٹل ابھی تک ہوٹل صنعت کی بندش کے باعث کاروبار ختم کرچکے ہیں، روز ویلٹ کو چلانے کیلئے مزید رقم کی ضرورت تھی جس کیلئے قرض لینے کا منصوبہ تھا۔
اس اہم قومی اثاثے کی اہمیت کے پیش نظر قرض خود اتارنے کا منصوبہ وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی جانب سے پیش کیا گیا۔
ای سی سی نے روز ویلٹ کو بہتر طریقے سے چلانے یا متبادل استعمال کیلئے فنانشل کنسلٹنٹ رکھنے کی منظوری بھی دے دی۔