کراچی : میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ میں نہیں چاہتا کہ میرے بعد آنے والا میئربھی بے اختیار ہو، سب کو پتہ ہے کہ کراچی میں الیکشن شفاف نہیں ہوئے ، آج الیکشن شفاف ہو تو ایم کیو ایم پہلے سے دگنی سیٹ لے گی۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا ملک بھر کےعوام کو میری طرف سے جشن آزادی مبارک ، اللہ تعالی ہمارے ملک کو قائم و دائم رکھے ، اس شہر کو آج ہماری ضرورت ہیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ آزادی کے بعد ہمارے مسائل کم ہونے کےبجائے بڑھ گئے ، قائد اعظم نے ہمارے لئے ملک حاصل کیا مگر ہم نےترقی کیلئےکام نہیں کیا ، حکومت اس سلسلے میں ناکام رہی ،ہمیں ملکر کام کرنا چاہیے۔
وسیم اختر نے کہا کہ 4سال میں کوشش کی کہ بلدیاتی ادارے مضبوط ہوں ، سپریم کورٹ سے اپیل ہے اس نظام کوبحال کرایا جائے ، 3سال سے میری پٹیشن عدالتوں میں زیرالتوا ہے ، امید کرتا ہوں عدالتیں اس پٹیشن پر کام کرکے تحفہ دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت خوشی ہوگی اگر بلدیاتی ادارے مضبوط ہوں ، میں نہیں چاہتا کہ میرے بعد آنے والا میئربھی بے اختیار ہو، اب جوکام ہورہا ہے وہ اس شہر کے مسائل کا حل نہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں ایک سسٹم مرتب ہونا چاہیے ، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پانی اور سیورج کا نظام ہے ہی نہیں ، وفاق کے مسائل حل کرنے پر ناراضگی دکھانا صوبائی حکومت کی غلطی ہے، عوام کو اپنے مسائل حل کرانے ہیں چاہے وہ کوئی بھی کرے این ڈی ایم اے کام کرے ،سندھ حکومت تعاون کرے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کےحل پرسیاست نہیں ہونی چاہئے ، 12سال میں سندھ حکومت ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھی ، سب کو پتہ ہے کہ کراچی میں الیکشن شفاف نہیں ہوئے ، آج الیکشن شفاف ہو تو ایم کیو ایم پہلےسے دگنی سیٹ لے گی۔