کراچی: شہر قائد میں آئی سی آئی پل کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں 2 بچے جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے، بد قسمت بچے بڑے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جشن آزادی منانے نکلے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئی سی آئی پل کے قریب ٹریفک حادثے میں دو بچے جاں بحق ہو گئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے میں 2 بچیوں سمیت تین بچے زخمی ہو گئے ہیں جنھیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو کے مطابق حادثہ موٹر سائیکل کو کار کی ٹکر کے باعث پیش آیا، حادثے کی شکار موٹر سائیکل پر پانچوں بچے بہن بھائی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 14 سال کا عمر اور 3 سال کا اویس شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 4 سال کی افشاں، 6 سال کی منیبہ اور 7 سال کا عبدالہدیٰ شامل ہیں۔
ریسکیو کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا بھائی یوم آزادی منانے کے لیے بچوں کو موٹر سائیکل پر گھمانے کے لیے نکلا تھا کہ آئی سی آئی پل کے قریب کار کی ٹکر سے حادثے کا شکار ہو گئے، بچوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے لباس پہن رکھا تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے بچے بلدیہ 7 نمبر کے رہائشی ہیں، اہل خانہ سول اسپتال پہنچے تو بچوں کو دیکھ کر ان کی حالت غیر ہونے لگی۔
واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، بڑی تعداد میں بچوں اور خواتین سمیت لوگ گھروں سے نکل کر مختلف مقامات پر پاکستان کی آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔