جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

سکھر مگرمچھ کا واقعہ: 20 گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد بھی بچی کا پتا نہ چل سکا

اشتہار

حیرت انگیز

سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں مبینہ طور پر ایک 10 سالہ بچی کو مگر مچھ زندہ نگل گیا تھا، اس دل دہلا دینے والے واقعے کو 20 گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد بھی بچی کا پتا نہ چل سکا۔

تفصیلات کے مطابق سکھر میں مبینہ طور پر مگر مچھ 10 سالہ بچی زاہدہ خاصخیلی کو نگل گیا، یہ دہشت ناک واقعہ صالح پٹ نارا کینال کے کنارے پیش آیا، والدین کا کہنا ہے کہ بچی نارا کینال کے کنارے دوسری بچیوں کے ساتھ کپڑے دھونے گئی تھی، اس دوران وہ کھیلتے ہوئے نہر میں گر گئی، جہاں اسے مگر مچھ نے اپنا شکار بنا لیا۔

اطلاعات کے مطابق واقعے کے وقت دیگر بچوں نے شور مچا کر اہل علاقہ کو متوجہ کیا، جنھوں نے بچی کی تلاش شروع کی لیکن تاحال بچی کی لاش نہیں مل سکی ہے۔

بچی کی تلاش کے لیے مقامی غوطہ خور بھی بلائے گئے، بچوں اور اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ بچی کو مگرمچھ نگل گیا ہے، 20 گھنٹوں سے زائد وقت گزرنے کے باجود بچی کی لاش یا باقیات کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق مگرمچھ کی لمبائی اندازاً 16 فٹ تھی، ادھر ذرائع محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ دریا میں مگرمچھ کافی تعداد میں موجود ہیں اس لیے لوگ کنارے سے دور رہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ نیوی اور وائلڈ لائف کی ٹیمیں طلب کی گئی ہیں جو بچی اور مگر مچھ کی تلاش کا کام کریں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں