اسلام آباد: نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کی چھت بارش سے گرنے سے متعلق اے آر وائی نیوز کی خبر پر وفاقی و زیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان اور ڈی جی سی اے اے نے نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر غلام سرور اور ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر بارش سے نقصانات کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامی افسران سے واقعے کی جامع رپورٹ طلب کر لی۔
ایوی ایشن ڈویژن کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری عبدالستار کھوکھر کا کہنا ہے کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کے پروجیکٹ منیجر اور ایئر پورٹ منیجر سے رپورٹ کے ساتھ ڈی جی نے 3 دن کے اندر ایئر پورٹ کی چھت کی ناقص تعمیر کا مسئلہ مستقل حل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، جس میں ایئر پورٹ میں پانی کی نکاسی اور نالوں کا ڈیزائن تبدیل کرنا شامل ہے۔
نئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بارش سے گرتی سیلنگ کی ویڈیو منظر عام پر
اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کل 17 اگست کو ایئر پورٹ کا دورہ بھی کریں گے۔
ایوی ایشن ڈویژن ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز 14 اگست کی صبح تیز بارش کے دوران 90 منٹ سے بھی کم وقت میں 56 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، طوفانی بارش سے ایئر پورٹ کا ڈومیسٹک آمد کا لاؤنج، سی آئی پی لاؤنج اور بین الاقوامی روانگی لاؤنج کے مختلف مقامات پر پانی کے بھاری رساؤ کے باعث سیلنگ گر گئی تھی۔
یاد رہے کہ آج اے آر وائی نیوز نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر بارش کے دوران نقصانات کی خبر اور ویڈیو نشر کی تھی۔