جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

سارک کو مزید فعال دیکھنا چاہتے ہیں، شاہ محمود کی سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم سارک کو خطے میں اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم سمجھتے ہیں، اور اسے خطے میں امن اور استحکام کے لیے مزید فعال دیکھنے کے متمنی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) موہن وجے وکرما نے آج وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیر خارجہ نے ہائی کمشنر کا منصب سنبھالنے پر سری لنکن سفیر کو مبارک باد دی۔

وزیر خارجہ نے سری لنکا میں حالیہ الیکشن کے نتیجے میں وزیر اعظم مہندا راجہ پاکسے اور ان کی پارٹی کی نمایاں کامیابی پر بھی مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

- Advertisement -
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزارت خارجہ میں سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) موہن وجے وکرما کے ہمراہ

وزیر خارجہ نے ہائی کمشنر سے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، توقع ہے کہ آپ کی تعیناتی سے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا، دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سارک کو خطے میں اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم سمجھتا ہے اور اسے خطے میں امن و استحکام کے لیے مزید فعال دیکھنے کا متمنی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود نے سری لنکن ہائی کمشنر کو گزشتہ سال دسمبر میں ہونے والے اپنے دورہ سری لنکا اور سری لنکن قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا، وزیر خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ جب کہ سری لنکن ہائی کمشنر نے وزیر خارجہ کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں سری لنکا کا ساتھ دیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں