فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد کے اسپتال سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی بچی کی گمشدگی کا معمہ حل ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کو الائیڈ اسپتال کے ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق فیصل آباد کے علاقے نثار کالونی کی رہائشی خاتون کے ہاں آج بچی کی پیدائش ہوئی۔
نومولود بچی کو تین گھنٹے کے اندر کی نامعلوم خاتون اغوا کر کے فرار ہوگئی، اغوا کار خاتون کو بچی کی پھوپھی کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق اغواکار خاتون بہانے سے بچی کوساتھ لےگئی۔
اہل خانہ نے بچی کی گمشدگی پر شور شرابہ کیا تو اسپتال انتظامیہ نے سی سی ٹی وی اور خفیہ کیمروں کی ریکارڈنگ سے اغوا کار خاتون کا سراغ لگانے کی کوشش کی۔
مغوی بچی کی پھوپھی نےخفیہ کیمرے کی ریکارڈنگ میں ملزمہ کوپہچان لیا۔ اسپتال انتظامیہ کو ملنے والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ اغوا کار خاتون چار پہنی ہوئی تھی جس نے لیبر روم سے بچی کو گود میں اٹھایا اور پھر وہ اسپتال سے فرار ہوگئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی الائیڈ اسپتال میں نومولود بچی کے اغوا کا واقعہ پیش آچکا ہے، جس پر اہل خانہ نے نامعلوم خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ہے۔