اسلام آباد : وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ ہم نے سب سے پہلے پاکستان میں فون بنانے پر کام شروع کیا، جلد پاکستان میں تھری اور فور جی فونز کی تیاری شروع ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی برآمدات تیزی سے بڑھی ہیں، آئی ٹی ایکسپورٹ سے پاکستان کے زر مبادلہ میں اضافہ ہورہا ہے۔
امین الحق کا کہنا تھا کہ آئی ٹی انڈسٹری سب سے بڑی ایکسپورٹ انڈسٹری بن سکتی ہے، ملک میں خصوصی آئی ٹی زونز کے قیام کی منظوری ہوچکی ہے۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ ہم نے سب سے پہلے پاکستان میں فون بنانے پر کام شروع کیا، جلد پاکستان میں تھری اینڈ فور جی فونز کی تیاری شروع ہو جائے گی۔
گذشتہ روز وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تیار اسمارٹ موبائل کی برآمدات شروع ہونے والی ہیں، کورونا میں کنسٹرکشن سیکٹر کیلئے منفرد پیکج کے ساتھ ساتھ الیکٹرک وہیکل،موبائل مینوفیکچرنگ کی پالیسی لے کر آئے۔
یاد رہے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سید امین الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موبائل فون کی مینوفیکچرنگ کا کام جلد شروع ہونے والا ہے، جبکہ موبائل فون کی مینوفیکچرنگ پاکستان میں ہونا ایک بہت بڑی ڈیویلپمنٹ ہوگی ۔
سید امین الحق نے مزید کہا تھا کہ ڈیجیٹل پاکستان وزیراعظم کا وژن ہے، انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی کو ہم نے یقینی بنانا ہے، سائبر سیکیورٹی سے متعلق بھی منسٹری آف آئی ٹی کام کر رہی ہے۔